امام کا دروازے یا ہال میں کھڑا ہونا اور مقتدی کے مقام کا حکم شرعی
سوال: ہماری مسجد ہے، اس میں امام نماز کے وقت میں ہال کے دروازہ میں کھڑا ہوتا ہےاس طور پرکہ اس کے پاؤں ہال کے اندر ہوتے ہیں ،جبکہ مقتدی برآمدے میں کھڑے ہوتے ہیں۔ پوچھنا یہ ہے کہ اس طرح نماز پڑھنا شرعاً کیسا ہے؟
جواب:
واضح رہے کہ جماعت کی نماز اس طور پر ادا کرنا کہ امام مکمل طور پر محراب میں کھڑا ہو، یا ہال میں کھڑا ہو بایں طور پر کہ اس کے پاؤں تک ہال میں ہوں اور مقتدی برآمدے میں کھڑے ہوں ، یا امام مکمل طور پر برآمدے میں کھڑاہو اورمقتدی صحن میں تو مذکورہ تمام صورتوں میں نماز پڑھنا مکروہ ہے، جیسا کہ مراقي الفلاح شرح نور الإيضاح میں ہے:
يكره "قيام الإمام" بجملته "في المحراب" لا قيامه خارجه وسجوده فيه
(كتاب الصلاة، باب ما يفسد الصلاة، فصل في المكروهات، ص: 132، المكتبة العصرية)
اس لئے کہ اس صورت میں یہود و نصاری کےساتھ مشابہت لازم آتی ہے کہ یہود و نصاری اپنے پیشوا کیلئے مخصوص مقام مقرر کرتے ہیں، جیسا کہ حاشية الطحطاوي على مراقي الفلاح شرح نور الإيضاح میں اس کے تحت درج ہے:
أن العلة التشبه بأهل الكتاب لأنهم يخصون إمامهم بمكان وحده والتشبه بهم مكروه
(كتاب الصلاة، ص: 361 ط: دار الكتب العلمية بيروت، المحقق: محمد عبد العزيز الخالدي)
اس لئے امام کو چاہیے کہ وہ اپنی ایڑیاں باہر کرلیا کرے۔
فقط الله اعلم
فقط واللہ اعلم
فتوی نمبر : 223202610113
فتویٰ آن لائن