والد کی اجازت سے بیٹے کا اضافی کاروبار اور خرچ: شرعی حکم
سوال: ایک والد کے تین بیٹے ہیں اور والد نے تینوں کو علیحدہ علیحدہ کریانہ کی دکان بنا دیں ہیں، لیکن تینوں کا مالک والد ہے، تین میں سے ایک بیٹا اپنی دکان کے متصل دوسری دکان میں بھی کاروبار کرتا ہے، اور یہ بھی والد نے ہی کروا دی ہے، اور اس کی اور تمام دکانوں کی آمدنی والد کے پاس ہی جاتی ہے، اب وہی بیٹا جو دو کاروبار کرتا ہے، وہ اپنا اور اپنی اولاد پر خرچہ زیادہ کرتا ہے، جبکہ باقی بیٹوں کو اس پر اعتراض ہے، اور باقی بیٹے اضافی کاروبار کرنے کیلئے تیار بھی نہیں ہیں۔۔۔۔۔۔۔تو آیا زیادہ خرچہ کرنا اس بیٹے کیلئے جائز ہے یا نہیں؟
جواب:
صورتِ مسئولہ میں شخص کے والد کو چاھئیے کہ جو بیٹا زیادہ محنت کر رہا ہے اس کو جو بھی اضافی خرچ دینا چاہتا ہے خود اپنے ہاتھ سے دے بیٹا از خود کاروبار سے اضافی خرچ نہ لے، ورنہ یہ بات اس کے بگاڑ کا باعث بنے گی، اگر والد از خود اس بیٹے کی محنت کو دیکھ کر اسے اضافی خرچ دیتا ہے تو دیگر بیٹوں کا اعتراض کرنا شرعاً درست نہیں ، خصوصاً جبکہ وہ خود اضافی کام کرنے سے جان چھڑاتے ہوں۔
اگر مذکورہ بیٹا والد کی اجازت کے بغیرخفیہ طور پر اضافی خرچ کرتا ہے تو شرعاً یہ جائز نہیں۔
لما في مجلة الأحكام العدلية:
كل يتصرف في ملكه كيفما شاء
(الكتاب العاشر: الشركات، الباب الثالث، الفصل الأول، رقم المادة :1192، ص: 230 ط: نورمحمد)
فقط واللہ اعلم
فتوی نمبر : 223202610116
فتویٰ آن لائن